غزل
لو میری طرف آج وہ مائل تو ہوئے ہیں
کچھ میری محبت کے وہ قائل تو ہوئے ہیں
سن لیں گے دل و جان سے ہم شیخ کی باتیں
مےخواروں کی محفل میں وہ شامل تو ہوئے ہیں
آئے تھے وہ کہنے نہ کروں یاد بھی ان کو
دل خوش ہے کہ وہ یوں مرے سائل تو ہوئے ہیں
گو ڈوب گئی کشتی مری آج بھنور میں
کچھ تختے مری ناؤ کے حاصل تو ہوئے ہیں
اب یہ ہے الگ بات وہ بولیں کہ نہ بولیں
صد شکر کہ وہ زینت محفل تو ہوئے ہیں
اے جوش غنیمت ہیں مری آنکھوں میں آنسو
اس بحر سے موتی مجھے حاصل تو ہوئے ہیں
اے جی جوش
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں